کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوگی تو گورنر ہاؤس آواز اٹھائے گا: کامران ٹیسوری
کراچی:(دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کسی کے ساتھ ظلم وزیادتی ہوگی تو گورنر ہاؤس آواز اٹھائے گا۔
شہرِ قائد میں افطارڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کبھی نہیں کہا کہ کوئی تقسیم ہونی چاہیے، ہاں اختیارات کی تقسیم ہونی چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوگی تو گورنر ہاؤس آواز اٹھائے گا، اختیارات نچلی سطح تک جانے چاہئیں، عوام کے مسائل حل ہونے چاہئیں، پانی نہ آئے، بجلی نہ آئے، مقدمہ درج نہ ہو توعوام کے پاس اختیار ہونا چاہیے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میرا جواب میرا کام ہے، میرا جواب آئی ٹی پروگرام ہے،5 لاکھ لوگوں کیلئے دسترخوان ہیں، ہمارا جواب اور کام اس گورنر ہاؤس سے پورے سال راشن کی تقسیم ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ موٹرسائیکل، لیپ ٹاپ کی تقسیم، لوگوں کو عمرے پر بھجوانا ہماراجواب ہے، ہم صرف زبانی یا سیاسی جواب نہیں دیتے، میں ہرسیاسی جماعت اورعوام کا گورنر ہوں، مجبور نہ کریں پھر ہم بات کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم مل کراس لیے چل رہے ہیں کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، ہم اس لیےچپ ہیں کہ ملکر چلنا ہے، کوئی یہ نہ سمجھے یہاں بزدل گورنر بیٹھا ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے، اگر کوئی زیادتی کرے گا تو پھرعوام بولے گی۔