امریکہ نے افزودگی مکمل طور پر روکنے کی درخواست نہیں کی، عباس عراقچی

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی مذاکرات کاروں نے تہران سے جوہری افزودگی مکمل طور پر روکنے کی درخواست نہیں کی ہے۔

امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ایم ایس این بی سی پر ’مارننگ شو‘ پروگرام کے ساتھ ایک انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ہم نے کوئی معطلی کی تجویز نہیں دی ہے اور امریکہ نے افزودگی کو مکمل طور پر روکنے کی درخواست بھی نہیں کی ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کے یہ بیانات امریکی صدر سمیت اعلیٰ امریکی حکام کے بیانات سے متصادم ہیں جو بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ ایران کو کسی بھی سطح پر یورینیم افزودگی کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

اپنی گفتگو میں سینیئر ایرانی سفارت کار نے یہ بھی کہا کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ یہ ہے کہ اگلے دو سے تین دنوں میں واشنگٹن کو ممکنہ معاہدے کا مسودہ پیش کیا جائے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ابھی ہم جس مسئلے پر بات کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ اس بات کو کیسے یقینی بنایا جائے کہ ایران کا جوہری پروگرام، بشمول افزودگی، پرامن ہے اور ہمیشہ کیلئے پرامن رہے گا، ایران نے ہمیشہ کہا ہے کہ کسی بھی حالت میں افزودگی کو مکمل طور پر روکا نہیں جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں