نائیجریا میں مسلح افراد کا حملہ، 50 افراد قتل، خواتین، بچے اغوا کرلئے

میدو گوری: (دنیا نیوز) نائیجریا کی زمفارا ریاست کے گاؤں پر مسلح افراد نے حملہ کرکے کم از کم 50 افراد کو قتل کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق حملہ آوروں نے خواتین اور بچوں کو بھی اغوا کرلیا، حملہ آور شام 5 بجے سے صبح ساڑھے 3 بجے تک کارروائی کرتے رہے۔

خبر ایجنسی نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں نے گھروں کو آگ لگا دی اور فرار ہونے والوں پر اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی نائجیریا کی شمالی ریاست نائجر میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے حملہ کرکے کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ درجنوں کو اغوا کر لیا تھا، عینی شاہدین اور مقامی پولیس نے بتایا تھا کہ حملہ آوروں نے بورگو کے علاقے میں تین دیہات کو نشانہ بنایا تھا۔

ریاستی پولیس کے ترجمان واسیو ابیودون نے تصدیق کی تھی کہ مسلح افراد نے ٹُنگا ماکیری گاؤں پر حملہ کیا جہاں چھ افراد جان سے گئے، متعدد گھروں کو آگ لگا دی گئی تھی اور کئی افراد کو اغوا کیا گیا تھا بعد ازاں حملہ آور کونکوسو گاؤں کی طرف بڑھ گئے تھے۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق کونکوسو میں فائرنگ کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہوا اور حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں، بعض رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 26 سے 38 تک بتائی گئی تھی گاؤں میں پولیس سٹیشن کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا تھا اور متعدد افراد لاپتا ہوگئے تھے۔

خبر رساں اداروں نے بتایا تھا کہ حملہ آوروں نے پِیسا نامی گاؤں میں بھی کارروائی کی تھی اور وہاں ایک شخص کو قتل کر دیا تھا، علاقے کے بیشتر مکانات کو آگ لگا دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ نائجر اور کوارا ریاستوں کی سرحد کے قریب واقع کینجی جنگل کو شدت پسند اور مسلح گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، جہاں بوکوحرام اور دیگر گروہ سرگرم رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں