تجارتی راز چرانے کا الزام، امریکا میں 3 ایرانی انجینئرز گرفتار
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی شہر سلیکون ویلی میں تجارتی راز چرانے اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کے تحت 3 ایرانی انجینئرز کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق تینوں گرفتار ایرانی شہریوں کو آج عدالت پیش کیا جائے گا، ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ملزمان میں سورور غنڈالی، سمنیہہ غنڈالی اور جواد خسروی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان ایرانی شہری سان ہوزے کے رہائشی ہیں، جنہیں ایک روز قبل گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان کو آج جج کے سامنے وکیل مقرر کرنے کیلئے پیش ہونا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق غنڈالی بہنوں نے پہلے گوگل میں کام کیا اور پھر ’کمپنی 3‘ کے نام سے ایک اور ٹیکنالوجی کمپنی میں شمولیت اختیار کی، جبکہ محمد جواد خسروی ’کمپنی 2‘ کے نام سے ایک اور کمپنی میں بھی کام کرتے تھے، تینوں نے موبائل کمپیوٹر پروسیسرز کے شعبے میں کام کیا۔
محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ ایک مبینہ تجارتی خفیہ چوری کی سکیم کے حصے کے طور پر ملزمان نے خفیہ اور حساس معلومات حاصل کرنے کیلئے اپنے اختیارات کا استعمال کیا، اس کے بعد انہوں نے دستاویزات بشمول پروسیسر سکیورٹی، انکرپشن اور دیگر ٹیکنالوجیز سے متعلق تجارتی راز گوگل اور دیگر کمپنیوں سے ایران سمیت غیر مجاز مقامات پر منتقل کر دیے۔