پلاسٹک سرجری کے بعد برازیلین انفلوئنسر کی اچانک موت

برازیل: (ویب ڈیسک) برازیل سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر بیانکا ڈیاس 27 برس کی عمر میں پلاسٹک سرجری کے بعد پیش آنے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بیانکا ڈیاس حالیہ سرجری کے بعد ساؤ پاؤلو کے قریب اپنے اہلِ خانہ کے گھر میں صحت یاب ہو رہی تھیں کہ اچانک انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ انہیں پلمونری ایمبولزم (پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا) ہوا ہے، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

ان کی قریبی دوست نے انسٹاگرام پر خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیانکا نے سرجری کروائی تھی اور صحت یابی کے دوران انہیں 2 مرتبہ دورے پڑے اور پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا بن گیا تھا، ہسپتال پہنچنے تک بیانکا کی حالت انتہائی تشویشناک ہو چکی تھی۔

اگرچہ سرجری کی نوعیت کے بارے میں باضابطہ طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی، تاہم بتایا گیا ہے کہ وہ آپریشن کے محض 18 دن بعد ہی موت کے منہ میں چلی گئیں۔

بیانکا ڈیاس سوشل میڈیا پر تقریباً 60 ہزار فالوورز رکھتی تھیں اور لائف اسٹائل و ماڈلنگ سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں، انہوں نے آخری پوسٹ گزشتہ سال دسمبر میں کی تھی، جس میں انہوں نے ساؤ پاؤلو میں گاڑی کے اندر لی گئی سیلفی شیئر کی تھی۔

مقامی حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں