کراچی: گلستان کالونی میں رینجرز کی کارروائی، ڈکیتی میں ملوث ملزم گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز (سندھ) نے گلستان کالونی لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد اویس قریشی ولد شفاقت علی قریشی کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم گلستان کالونی لیاری میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور ڈکیتی کے دوران اسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، وہ لیاری یو سی-3 کا کونسلر بھی ہے۔
رینجرز حکام کے مطابق ملزم گرفتاری کے خوف سے کچھ عرصہ پنجاب میں روپوش رہا جبکہ وہ عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی رینجرز اور پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔