یو اے ای ایئرلائنز نے پروازوں کی معطلی پیر تک بڑھا دی
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ علاقائی کشیدگی اور ایرانی میزائل حملوں کے تناظر میں متعدد پروازوں کی معطلی کو پیر دوپہر تک توسیع دے دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق فضائی حدود کی صورتحال اور مسافروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، متاثرہ روٹس میں خطے کے حساس مقامات کے لیے آنے جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
ایئرلائنز نے مسافروں کو ری بکنگ اور ری فنڈ کی سہولت فراہم کرنے کی تصدیق کی ہے، مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز کی موجودہ صورتحال ضرور چیک کریں اور متعلقہ ایئرلائن کی سرکاری ویب سائٹ یا کسٹمر سروس سے رابطہ کریں۔
حکام کا کہنا تھا کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، مرحلہ وار آپریشن بحال کیا جائے گا۔
دوسری جانب کاروباری مسافروں، سیاحوں اور ٹرانزٹ مسافروں پر اس فیصلے کا فوری اثر پڑا ہے، ٹریول ایجنٹس اور کارپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنے شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑ رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایسے اقدامات عارضی نوعیت کے ہوتے ہیں، تاہم مسافروں کو متبادل منصوبہ بندی رکھنی چاہیے۔
علاوہ ازیں متعلقہ اداروں نے واضح کیا ہے کہ فضائی آپریشن کی بحالی کا انحصار سکیورٹی صورتحال پر ہوگا، آئندہ چند گھنٹوں میں مزید اپ ڈیٹس متوقع ہیں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔