یو اے ای: سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں پر 5 لاکھ درہم تک جرمانہ اور قید کی وارننگ

دبئی / ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے حکام نے سوشل میڈیا پر غلط یا غیر مصدقہ معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی واضح وارننگ جاری کی ہے۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی، عوامی نظم یا ریاستی اداروں کے بارے میں گمراہ کن مواد شیئر کرنا قانوناً جرم ہے اور اس پر بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں عائد کی جا سکتی ہیں۔

یو اے ای کے انسدادِ سائبر جرائم قوانین کے تحت افواہیں پھیلانے یا جھوٹی خبر شیئر کرنے پر 1 لاکھ سے 5 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ سنگین نوعیت کے معاملات میں قید کی سزا بھی ممکن ہے، اگر آن لائن مواد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرے یا ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے تو متعلقہ ادارے فوری قانونی کارروائی کر سکتے ہیں۔

حکام نے زور دیا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں ذمہ دارانہ ڈیجیٹل طرزِ عمل انتہائی ضروری ہے۔ شہریوں اور رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو آگے بڑھانے سے پہلے وزارتِ داخلہ، سرکاری خبر رساں ایجنسی یا متعلقہ اتھارٹی کے مستند ذرائع سے تصدیق کریں۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ آن لائن سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی جاری ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف تصدیق شدہ معلومات ہی شیئر کریں تاکہ معاشرتی استحکام برقرار رہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں