ایران کا اسرائیل، امریکا کیخلاف حملوں کی نئی لہر کا آغاز، فتح ،عماد میزائل کا استعمال
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے اسرائیل اور امریکا کیخلاف حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا، حملوں میں فتح اور عماد میزائل کا استعمال کیا گیا۔
ایران نے اسرائیل کی حیفا ریفائنری پر حملے کئے، حزب اللہ نے بھی حیفا میں بیس پر میزائل فائر کرنے کا دعویٰ کیا، تل ابیب پر ایران کے بیلسٹک میزائل حملے میں 6 افراد زخمی ہوگئے، ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، اسرائیلی حکام کے مطابق حملے میں ممکنہ طور پر کلسٹر وار ہیڈ استعمال کیا گیا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے مختلف حملوں میں دو سو بیس سے زائد امریکی فوجی ہلاک اور زخمی کئے، ایران 6 ماہ تک امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید جنگ لڑ سکتا ہے، ایران اب تک درمیانے درجے کے میزائل استعمال کر رہا ہے، آئندہ دنوں میں ایران جدید اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس جنگ جاری رکھنے کیلئے کافی دفاعی صلاحیت موجود ہے، ایران کے اسرائیل پر حملوں میں اب تک گیارہ اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔
جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے، واقعہ جنوبی لبنان میں فوجی چوکی کے قریب پیش آیا۔