عمران خان کے بیٹے کی پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس متنازع بنانے کی کوشش

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے۔

قاسم خان نے یورپی یونین سے پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے پاکستان کے خلاف مطالبہ بلوچ نیشنل موؤمنٹ کے رہنما نسیم بلوچ کے ساتھ کیا۔

بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یورپی یونین پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس ختم کرے۔

قاسم خان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صرف ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرے والد جیل میں ہیں۔

عمران خان کے بیٹے قاسم خان کے پاکستان مخالف مطالبے پر سیاسی وعوامی حلقوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس ختم ہونے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات خطرے میں پڑ جائیں گی۔

جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کو یورپی منڈیوں میں خصوصی رسائی حاصل ہے۔

قاسم خان کا مطالبہ پورا ہوا تو پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھے گا،زرمبادلہ میں بھی کمی ہوگی، جی ایس پی پلس کے خاتمے سے ٹیکسٹائل سیکٹر میں بحران اور بیروزگاری بڑھے گی۔

پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبے سے لاکھوں افراد کاروزگار وابستہ ہے، ذاتی یا سیاسی بنیاد پر پاکستان مخالف مہم قومی مفاد کے منافی اور معاشی طورپرنقصان دہ ہے، قاسم خان کے بیان سے پاکستان کا عالمی تشخص متاثر،بیرونی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی قاسم خان متنازع شخصیات سے ملاقات کر چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں