سابق ڈی جی پی ایم ڈی سی کا مالی فائدہ لینے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی پی ایم ڈی سی کا ادارے سے مالی فائدہ لینے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ایم ڈی سی کے سابق ڈائریکٹر جنرل کے ادارے سے غیر قانونی مالی فائدہ لینے کے کیس کی سماعت کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے قانون میں موجود نہ ہونے کے باوجود مالی فائدہ حاصل کیا۔

دورانِ سماعت سابق ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اب تو میں ریٹائرڈ ہوگیا ہوں اور میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے جواب دیا کہ جب تک آپ زندہ ہیں پیسے دے سکتے ہیں، آپ مر جائیں گے تو آپ کی جائیداد بیچ کر لے سکتے ہیں، میں کسی کا ایک روپیہ لینا حرام سمجھتا ہوں جو واجب نہ ہوں، آپ آخرت کیوں خراب کر رہے ہیں جب آپ کا حق نہیں بنتا۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین کو سن کر فیصلہ محفوظ کر لیا، عدالت نے کہا کہ 14 دن کے بعد کیس کا فیصلہ کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں