میٹرک کے سالانہ امتحانات کل سے شروع، لاہور میں 14 سنٹرز حساس قرار

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں میٹرک کے سالانہ امتحان کا آغاز کل (27 مارچ) سے ہوگا، امتحانات کے دوران 14 امتحانی سنٹرز کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جن سنٹرز کو حساس قرار دیا گیا ہے ان میں گورنمنٹ این ڈی اسلامیہ ہائی سکول اچھرہ، گورنمنٹ ہائی سکول برکی، گورنمنٹ سائنس کالج برکی، گورنمنٹ ہائی سکول اطوکی اعوان، گورنمنٹ ہائی سکول جلوموڑ، چوہنگ، مراکہ کوارٹر اور شیرشاہ کالونی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قصورکے 4، شیخوپورہ کے 7 جبکہ ننکانہ صاحب کا بھی ایک سنٹر حساس قرار دیا گیا ہے۔

میٹرک امتحانات کا آغاز 27 مارچ سے ہوگا، جس میں پہلا پرچہ عربی، کمرشل جغرافیہ اور تاریخ کا لیا جائے گا، میٹرک کے امتحانات میں تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار امیدوار شرکت کریں گے جبکہ 880 امتحانی مراکز تشکیل دیئے گئے ہیں۔

26 مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، تمام سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ ہوگی اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، امیدواروں کو صرف شناخت کے بعد امتحانی سنٹرز میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

میٹرک کا آخری پیپر 16 اپریل کو پنجابی اور تاریخ اسلام کا ہوگا، جبکہ نہم جماعت کے امتحانات 17 اپریل سے شروع ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں