غیر قانونی پاکستانی شہریت رکھنے والوں کو نیشنل ڈیٹا بیس سے فوری نکالنے کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ڈیجیٹل اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کر دی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے نادرا نے ادارے کی کارکردگی اور جاری و آئندہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے نادرا کی کارکردگی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کی فوری شناخت یقینی بنائی جائے اور انہیں نیشنل ڈیٹا بیس سے خارج کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا میں نادرا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے، گزشتہ دو برسوں میں نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
محسن نقوی نے عوامی سہولت کے لیے مزید جدید خدمات متعارف کرانے اور بڑے شہروں میں نادرا کے جدید دفاتر اپنی ملکیتی زمین پر تعمیر کرنے کی ہدایت بھی دی، اس حوالے سے ماسٹر پلان طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے نادرا نے متعدد اقدامات کیے ہیں جبکہ بائیومیٹرک تصدیق کے لیے چہرے کی تصویر سے تصدیق کے نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے دیگر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نادرا لاکھوں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز منسوخ کر چکا ہے اور شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے، پی ٹی اے کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر جاری موبائل سمز کو بھی بلاک کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور نادرا کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔