اب ہماری مدد کیلئے کوئی نہیں آئے گا خرچ میں احتیاط برتنا ہوگی: مزمل اسلم
پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اب ہماری مدد کیلئے کوئی نہیں آئے گا احتیاط سے خرچ کرنا ہو گا۔
مزمل اسلم کا خیبر پختونخوا اسمبلی میں پری بجٹ بحث پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومتی ارکان نے بھی حکومت پر تنقید کی ہے، اس سے پہلے اگر صوبے کی طرف سے کوئی کمی ہوتی تو وفاق صوبے کے پیچھے کھڑی ہوتی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اب دنیا بہت بدل گئی ہے، ٹرمپ کے آنے کے بعد یو ایس ایڈ بھی بند ہوگیا جس سے بہت سے منصوبے شروع تھے، تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے، ہمیں غریب عوام کو خود ہی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا کہنا تھا کہ اب نہ تو وفاق آتا ہے اور نہ ہی دوست ممالک کی یہ حالت ہے کہ وہ ہماری مدد کرسکے، اب ہمیں بہت احتیاط کے ساتھ خرچ کرنا ہوگا، موسمیاتی تبدیلی بھی ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج بن رہا ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ کے پی واحد صوبہ ہے جہاں کلائمیٹ بورڈ قائم کیا گیا ہے،اگر یہ ایوان متفق ہو تو رمضان پیکیج کے پیسے نوجوانوں کو روزگار کے لئے قرض بھی دے سکتے ہیں، امن و امان بھی ہمارے لئے ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سکولوں کی کمی کے لئے عوام کو بھی سکول بنا کر 25 سال کے لئے لیز پر دے سکتے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک نے 20 ہزار سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی بات کی، اب وہ دور ختم ہو گیا کہ آپ کے پیسے ختم ہوگئے تو وفاق پیسے دے گا۔
مشیرِ خزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اسمبلی اب ہمیں اپنے وسائل بچانا ہوں گے، صرف سرکاری ملازمتیں دینا ٹھیک نہیں، ہمیں نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔