تمام موٹرسائیکل سوار سبسڈی کے مستحق نہیں: مشیر وزیرِ خزانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ تمام موٹرسائیکل سوار سبسڈی کے مستحق نہیں، جس کے پاس ہیوی بائیک ہے وہ پٹرول برداشت کرسکتا ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے پاس ڈیٹا ہے کہ کتنی موٹرسائیکلیں کس صوبے میں ہیں، صوبائی حکومتوں نے خود تجویز دی کہ موٹرسائیکلوں پر سبسڈی دے سکتے ہیں۔
خرم شہزاد نے کہا کہ ایپ کے ذریعے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار سبسڈی کے لیے رجسٹر ہے یا نہیں، بی آئی ایس پی کا ڈیٹا بھی موجود ہے کہ کون کتنا مستحق ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں کئی ممالک نے 80 فیصد تک بڑھائیں، یو اے ای نے ڈیزل کی قیمتیں 70 فیصد تک بڑھائیں، ہم نے تین ہفتوں سے نہیں بڑھائیں۔
خرم شہزاد کا مزید کہنا تھا کہ جنگ ختم ہو اور تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔