ہری پور میں شادی سے انکار پر خاتون قتل، ملزم نے خود کو بھی گولی مار لی
ہری پور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں شادی سے انکار پر نوجوان نے خاتون کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار لی۔
پولیس کے مطابق ہولناک واقعہ کار میں اسلام آباد سے ایبٹ آباد جاتے ہوئے ہزارہ موٹر وے پر پیش آیا جہاں شادی سے انکار پر نوجوان طیش میں آگیا اور فائرنگ کردی۔
پولیس نے بتایا کہ گولیاں لگنے سے 25سالہ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی جس کی شناخت انیلہ کے نام سے ہوئی جب کہ ملزم شہزاد نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔
واقعہ کے بعد مقتولہ کی لاش مقامی ہسپتال منتقل کردی گی اور ملزم شہزاد کو طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ایبٹ آباد ریفر کردیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کے وقت مقتولہ انیلہ کے ساتھ اس کی والدہ بھی کار میں موجود تھی تاہم وہ محفوظ رہی، جس سے مزید معلومات لی جارہی ہے۔