عالمی تنازعات پر بے حسی کا مظاہرہ نہ کیا جائے: پوپ لیو کا ایسٹر پر پیغام

روم: (دنیا نیوز) کیتھولک مسیحی افراد کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہار دہم نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ دُنیا بھر میں پھیلے ہوئے تنازعات پر بے حسی نہ دکھائیں اور امن کے لیے کام کریں۔

سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب میں پوپ نے کہا کہ بداعتمادی اور خوف نے ہمارے درمیان تعلقات کو جنگ اور ناانصافی کی وجہ سے متاثر کیا ہے۔

پوپ نے اپنے خطاب کے دوران کسی تنازع کا نام لے کر ذکر نہیں کیا، تاہم وہ اس سے قبل صدر ٹرمپ اور عالمی رہنماؤں پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ تنازعات کو پھیلنے سے روکیں۔

یاد رہے کہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹھ نے ایران پر حملوں کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی جس پر عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے اختلاف کیا ہے۔

ایک بیان میں امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ امریکی فوجی حضرت عیسیٰ کیلئے لڑ رہے ہیں، جنگ جیتنے کیلئے پیٹ ہیگسیٹھ نے حضرت عیسیٰ کے واسطے سے پوپ لیو کو دعا کی درخواست بھی کی، امریکی وزیر جنگ کی درخواست پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے اس طرح کی دعا سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور کہا کہ غلبے کیلئے کرسچین مشن کو مسخ کیا جاتا ہے۔

پوپ لیو کا کہنا تھا کہ ایسی باتیں حضرت عیسیٰ کے طریقہ کار سے بالکل ہٹ کر ہیں، خدا نے زندگیاں تباہ کرنے کی نہیں انہیں بنانے کی ترغیب دی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں