دنیا شہری تنصیبات پر امریکی اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے: ایرانی صدر
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دنیا کو امریکا اور اسرائیل کے شہری تنصیبات پر حملوں کا نوٹس لینا چاہئے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، سکولوں اور زچگی وارڈز پر حملے انسانی اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں، ایسے اقدامات شرمناک ہیں،دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو دہشت گرد کہنے والے خود معصوم افراد کا قتل عام کر رہے ہیں، ایران نے کوئی جرم نہیں کیا اور ہمیشہ امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران مذاکرات اور تعمیری تعاون پر یقین رکھتا ہے، ایرانی عوام کا اتحاد دشمن کی سازشوں کی ناکامی کی وجہ بنا، جنگ کے دوران ایرانی ہلال احمر کی خدمات قابل تحسین ہیں۔