حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر 6 پاکستانی گرفتار
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکام نے حج قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے 6 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک شخص کو بغیر حج پرمٹ مکہ میں قیام کرنے پر حراست میں لیا گیا، جبکہ 5 افراد کو مبینہ طور پر بغیر اجازت عازمینِ حج کی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں حج سے قبل سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور موجودہ قوانین کے تحت صرف حج ویزا رکھنے والے افراد کو مکہ میں داخلے اور قیام کی اجازت ہے، 18 اپریل کے بعد وزٹ یا دیگر عارضی ویزوں پر موجود افراد کو خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق حج پرمٹ قوانین کی خلاف ورزی پر 20 ہزار سے 1 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے اس سے قبل عمرہ ویزا رکھنے والوں کو 18 اپریل تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، بصورت دیگر 50 ہزار ریال جرمانہ، 6 ماہ قید اور ملک بدری کی سزا دی جا سکتی ہے۔
مزید برآں بغیر حج پرمٹ افراد کو رہائش یا دیگر سہولیات فراہم کرنا بھی قابل سزا جرم ہے، جس پر 1 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔