جام کمال خان سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور تاجکستان کا تجارت اور ٹرانزٹ تعاون، اور دوطرفہ تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں وزیر تجارت نے علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے سہولت کاری کے عزم کا اظہار کیا، اور مربوط تجارتی راہداری کے قیام کی اہمیت، اور لاجسٹکس نظام کی بہتری اور متبادل راستوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاجسٹکس حب اور جدید ٹرانسپورٹ نظام سے خطے میں روابط مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے جام کمال کی نجی شعبے کے روابط کے فروغ کے لیے بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز دی، چین کے ساتھ تعاون کو علاقائی روابط کے لیے اہم قرار دیا، جبکہ متعدد تجارتی راستوں کو فعال رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جبکہ انہوں نے برآمدی و درآمدی اداروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی تجویز دی۔
اس موقع پر تاجک سفیر نے پاکستان کے علاقائی روابط کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجکستان کی اضافی توانائی پاکستان کو برآمد کر سکتے ہیں، ایلومینیم کی تجارت اور صنعتی تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے پلیٹ فارم کو مؤثر بنایا جائے، جبکہ پاکستان اور تاجکستان کا قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔