برلن کی سڑکیں نعروں سے گونج اٹھیں، افغان کمیونٹی کا بڑا احتجاجی مظاہرہ

کابل: (دنیا نیوز) بندوق کے زور پر مسلط طالبان رجیم کیخلاف داخلی مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ ساتھ اب دیارِ غیر میں بھی عوامی مزاحمت شدت اختیار کر گئی۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں سینکڑوں افغان شہری طالبان رجیم کی جابرانہ پالیسیوں کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی مظاہرے میں خواتین سمیت مختلف طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افغان باشندوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے "طالبان مردہ باد" کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

افغان مظاہرین کا طالبان رجیم کی خواتین کی تعلیم اور روزگار کے پابندیوں پر شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے عالمی برادری اور یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی صورتحال پر زیادہ فعال کردار ادا کریں۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان رجیم کی ناقص اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان میں غربت اور بے روزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے، افغان مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اور یورپی ممالک طالبان رجیم کیساتھ نرمی کی پالیسی چھوڑ کر فوری دباؤ بڑھائیں۔

عالمی ماہرین کے مطابق طالبان رجیم کیخلاف اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک ابھرتی ہوئی مزاحمتی تحریکیں، افغان طالبان کے عوامی حمایت اور مکمل کنٹرول کے دعوؤں کی قلعی کھول رہی ہیں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، ڈگمگاتی معیشت اور عالمی سفارتی تنہائی اس بات کا پیش خیمہ ہے کہ یہ رجیم جلد قصۂ پارینہ بننے کے قریب ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں