کراچی میں اسلحہ کلچر کو فروغ دینے والی جماعت اسلامی تھی: ایم کیو ایم پاکستان
کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق کراچی میں اسلحے اور کلاشنکوف کلچر کو فروغ دینے والی جماعت اسلامی تھی، تاریخ کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق تھنڈر سکواڈ بنانے والی جماعت اسلامی آج اخلاقیات کا درس دینے کے بجائے اپنے ماضی کا حساب دے، جماعت اسلامی نے شہر میں تشدد کی سیاست کو پروان چڑھایا اور ملک دشمن عناصر کو پناہ فراہم کی۔
کراچی کےعوام جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے دورِاقتدار میں شہرکی حالت کس قدر ابتر ہوئی، جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین نے ضلع وسطی سمیت پورے کراچی کے بلدیاتی نظام کو تباہ کیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ٹوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر اور کچرے کے ڈھیر جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
جماعت اسلامی کی نااہلی، بدانتظامی اور ناقص حکمرانی کی مثال آج بھی کراچی کے شہری بھگت رہے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان شہر کے عوام کے حقوق، ترقی اور بااختیار بلدیاتی نظام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔