پاکستان ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر عملدرآمد کیلئے کردار ادا کرے گا: دفتر خارجہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا، ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پرعملدرآمد کیلئےتکنیکی مذاکرات آج ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات میں امریکا، ایران، پاکستان اورقطر کےنمائندے شریک ہوں گے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے ہیں، ایرانی اور امریکی وفود بھی پہنچ چکے ہیں، میزبان پاکستان ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ مفاہمت پرعملدرآمد کے لیے کردار جاری رکھےگا، مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کی ایران، قطر، سوئٹزرلینڈ اورامریکا کے وفود سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، ملاقاتوں میں مذاکرات اور پائیدار امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کےمطابق بحران میں پاکستان کی سہولت کاری اصولی، متوازن اور تعمیری مؤقف کی مظہر ہے، ان میں امریکا ایران کےابتدائی مذاکراتی ادوار کی میزبانی اورمسلسل سفارتی رابطے شامل ہیں، یہی پاکستانی کردار بالآخر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کا باعث بنا۔

سوئس وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سوئٹزرمیں پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستانی مذاکرات کیلئے زیوخ سے برگن اسٹاک پہنچ گیا، پاکستان بطور ثالث ایران امریکا مذاکرات میں شریک ہے۔

امریکہ سےمذاکرات کےلیے اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد باقر قالیباف کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ میں موجود ہے، دوسری جانب امریکہ کےنائب صدر جے ڈی وینس بھی ایران سےمذاکرات کےلیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئےہیں، جے ڈی وینس کا سوئٹزر لینڈ میں ایک یا دو دن قیام کا امکان ہے۔

میڈیا سےگفتگو میں جے ڈی وینس نےکہاکہ دورے کا مقصد جوہری مسئلے پر پیش رفت اور لبنان جنگ بندی معاملے پر آگے بڑھنا ہے، ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں، قطری نمائندے بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔

یادرہےکہ پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی اہم ترین دورے پر ایران پہنچے جہاں انہوں نے سویٹزرلینڈ میں ہونے والےمذاکرات بارے اہم ملاقاتیں کیں، محسن نقوی کی ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی،جس میں نہایت اہم مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں