مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی آج 73 ویں سالگرہ
کراچی: (دنیا نیوز) مسلم دنیا میں پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 73 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے، قائدانہ صلاحیت، مخالفین سے گفت و شنید اور امور مملکت چلانے میں بھٹو کی بیٹی بے نظیر تھی۔
دختر مشرق بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح قابلیت ،ذہانت، صلاحیت، جرات وہمت اور فیصلے میں بھی اپنی آخری سانسوں تک بے نظیر رہیں، ان کا شمار ایشیا کی ان ممتاز خواتین میں ہوتا ہے، جنہوں نے مشکل اور کٹھن حالات کا حوصلے سے مقابلہ کیا۔
21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہونے والی سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی بے نظیر پاکستان کی دو مرتبہ وزیر اعظم رہیں، وہ جنوبی ایشیا کی بااثراور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر کے وطن واپسی پر بے نظیر بھٹو والد وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ غیرملکی دوروں پر بھی جانے لگی تھیں، 1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، ان کے خلاف مقدمہ چلا تو بے نظیر بھٹو عدالتوں کے چکر لگاتی رہیں۔
1982 میں بے نظیر پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن منتخب ہوئیں، جنرل ضیاء الحق کی حکومت کے دوران انہیں جلا وطنی اختیار کرنا پڑی، وطن واپسی پر انہوں نے 1988 کے عام انتخابات میں حصہ لیا اور وزیراعظم منتخب ہوئیں، عوام نے انہیں 1993 میں دوبارہ اقتدار بخشا۔
18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو 9 سال بعد جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں وطن واپس آئیں اور انہیں 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ میں جلسے کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔