محرم کے جلوسوں، مجالس کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے: عظمیٰ بخاری

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم کے جلوسوں، مجالس کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویژن کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر بلال اکبر، کمشنر فیصل آباد، آر پی او، ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران کمشنر فیصل آباد، آر پی او، سی ٹی او اور ڈپٹی کمشنرز نے محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کے راستوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے ہدایت کی کہ عاشورہ کے روز مساجد کے باہر نمازیوں کے لیے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے، تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی مناسب نفری تعینات کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر مسلسل ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا تاکہ گرمی کی شدت کم کی جا سکے، اس مقصد کے لیے فیصل آباد میں سموگ گن بھی پہنچا دی گئی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے حضرت سلطان باہو کے عرس اور چنیوٹ میں منعقد ہونے والی شہادت کانفرنس کے لیے بھی مؤثر انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے، میڈیا اور سماجی رابطوں کے ذرائع پر آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں تمام مکاتبِ فکر کے علما کے ساتھ انتظامیہ کے افسران مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں