خیبرپختونخوا حکومت کا پشاور کیلئے 200 ارب روپے فنڈز مختص کرنے کا اعلان

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کی ترقی کے لیے 200 ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ اس فنڈ سے شہر میں سڑکوں، پلوں، سٹریٹ لائٹس اور صاف پانی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور پشاور کو ایک جدید ماڈرن شہر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی تیسری حکومت ہے اور بعض عناصر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے مطابق پروپیگنڈے کو عوام نے مسترد کیا ہے اور کرپشن کا بیانیہ بھی اسی کا حصہ ہے۔

سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ اب تک کرپشن کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو میڈیا پر مناسب کوریج نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض ادارے اور میڈیا مخصوص حکومتوں کی کرپشن پر خاموش ہیں، ملک میں مہنگائی اور بالخصوص پٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض صحافیوں کو حق بات کرنے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بانی کی رہائی کے حوالے سے انہیں عوام سے امید ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ احتجاج کو بھی ایک آپشن کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور خیبرپختونخوا سے ہمیشہ سب سے زیادہ عوامی شرکت سامنے آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی بجٹ پیش ہو چکا ہے اور جلد منظور ہونے کی توقع ہے، جبکہ مالی سال 2026-27 خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں