اسحاق ڈار چار ملکی اجلاس میں شرکت کے لیے قاہرہ روانہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہوگئے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار قاہرہ میں ہونے والے آر فور گروپ کے چوتھے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اجلاس میں شریک اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
علاوہ ازیں اسحاق ڈار مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے قاہرہ میں علاقائی سلامتی پر اہم بیٹھک کا فیصلہ کیا ہے۔