امریکہ اور ایران کے درمیان 60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق خوش آئند ہے: سوئٹزرلینڈ
جنیوا: (دنیا نیوز) سوئٹزرلینڈ نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے تناظر میں امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر اور پاکستان کی جانب سے 22 جون کو جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سوئس حکومت کی جانب سے جاری بیان میں خاص طور پر اس بات کا خیرمقدم کیا ہے کہ ’فریقین نے 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے، یہ روڈ میپ نئے تکنیکی مذاکرات کے فوری آغاز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ثالث ممالک، ایران اور امریکہ کے درمیان 21 اور 22 جون کی شب برگن سٹاخ میں جاری رہنے والے انتہائی اہم سفارتی مذاکرات کے دوران ہونے والی تعمیری پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔
سوئس حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ فریقین کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ ایک مثبت قدم ہے، جو سیاسی اور تکنیکی عمل کے اگلے مرحلے کو منظم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
سوئس حکومت نے اس عمل میں اپنی سفارت کاری کے تحت تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کوشش ہے کہ سفارتی اقدامات کشیدگی میں کمی، استحکام اور پائیدار امن کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔