بی آر ٹی یلو لائن کرپشن کیس کا ملزم 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
کراچی:(دنیا نیوز)بی آر ٹی یلو لائن کرپشن کیس کا ملزم 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا۔
بی آر ٹی یلو لائن کرپشن کیس میں عدالت نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، جس کے مطابق ملزم ضمیر عباسی کو مزید تفتیش کے لیے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی افسر کے حوالے کر دیا گیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ضمیر عباسی کو 22 جون کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ لاہور کی متعلقہ عدالت نے4روزہ راہداری ریمانڈ دیتے ہوئے اسے 24 جون تک متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر نے ملزم سے مزید پوچھ گچھ کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت کے استفسار پر ملزم نے کسی قسم کی بدسلوکی کی شکایت نہیں کی، تاہم اس کا مؤقف تھا کہ وہ گزشتہ 11 سے 12 روز سے غیر قانونی حراست اور ذہنی اذیت کا شکار ہے۔
دوسری جانب وکلا صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انکوائری اور گرفتاری کے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں موجود ہیں، ملزم کے والد نے لاہور میں گمشدگی کا مقدمہ اور مسنگ پرسن کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق کراچی موبلٹی پراجیکٹ کے تحت عالمی مالیاتی ادارے کی معاونت سے جاری یلو لائن منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، مقدمے میں جام صادق پل اور دو ڈپوؤں کی تعمیر سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ وکلا صفائی کے اعتراضات دستاویزی نوعیت کے ہیں اور ملزم کی گرفتاری، انکوائری اور مقدمے کے اندراج کی بنیاد کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہے، تاہم موجودہ مرحلے پر مقدمے کا وجود ایک حقیقت ہے اور تفتیشی افسر کی جانب سے پیش کردہ انکوائری رپورٹ اور دستاویزی شواہد مزید تحقیقات کا تقاضا کرتے ہیں۔
عدالت نے ملزم ضمیر عباسی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی افسر کے حوالے کرتے ہوئے 27 جون کو پیش رفت رپورٹ سمیت دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔