خلیج میں حملے کا شکار جنوبی کوریا کا جہاز آبنائے ہرمز سے نکلنے کیلئے تیار

سیئول: (دنیا نیوز) خلیج میں حملے کا نشانہ بننے والا جنوبی کوریا کا مال بردار جہاز ’نامو‘ مرمت مکمل ہونے کے بعد جولائی کے وسط میں آبنائے ہرمز سے روانہ ہونے کی توقع ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ بحری امور کا کہنا ہے کہ جہاز کو مئی میں ہونے والے حملے میں نقصان پہنچا تھا، جس کی مرمت آخری مراحل میں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارتِ بحری امور نے بدھ کے روز بتایا کہ شپنگ کمپنی ایچ ایم ایم کے زیر انتظام چلنے والا مال بردار جہاز ’نامو‘ مئی میں ہونے والے حملے سے ہونے والے نقصان کی مرمت مکمل ہونے کے بعد جلد از جلد جولائی کے وسط میں آبنائے ہرمز سے روانہ ہوگا۔

وزارت کے مطابق حملے کے دوران جہاز کے پچھلے حصے کے قریب اس کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا تھا، جنوبی کوریا نے 27 مئی کو دعویٰ کیا تھا کہ حملہ غالباً ایرانی اینٹی شپ میزائل سے کیا گیا، جس کے بعد ایران کے سفیر کو طلب کرکے تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا اور باضابطہ احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا۔

تاہم جنوبی کوریا میں ایران کے سفیر سعید کوزچی نے تہران کے ملوث ہونے کی تردید کی۔ جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق بعد ازاں جنوبی کوریا نے کہا کہ وہ حتمی طور پر یہ تعین نہیں کر سکا کہ حملے کا ذمہ دار کون تھا یا حملہ جان بوجھ کر کیا گیا تھا۔

جنوبی کوریا کے نائب وزیر برائے بحری امور نام جے ہیون نے بدھ کو پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس وقت آبنائے ہرمز میں ’نامو‘ سمیت دو بحری جہاز موجود ہیں، جن پر مجموعی طور پر 35 افراد پر مشتمل عملہ سوار ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے قبل جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے جنوبی کوریا کے زیر انتظام چلنے والے 21 بحری جہاز بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزر چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں