ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی اور حبس برقرار، بالائی علاقوں میں بارش کا امکان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں پر مغربی ہوا کا کمزور سلسلہ اثرانداز ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے پر موسمی کم دباؤ موجود ہے۔
جمعرات کو کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے وقت چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کی توقع ہے۔
جمعہ کے روز بھی بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہے گا، تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے وقت کہیں کہیں بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں جمعرات کو گرم اور مرطوب موسم رہے گا، جبکہ جمعہ کی شام یا رات بارش اور گرج چمک کا 35 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں دونوں روز شدید گرمی اور حبس برقرار رہے گا، تاہم جمعرات کو خوشاب، لاہور، سیالکوٹ اور نارووال، جبکہ جمعہ کو مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں 29 ملی میٹر، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں 23 ملی میٹر جبکہ مظفرآباد شہر میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی، بھکر اور خانیوال میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔