چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے ہماری کسی ایک شکایت کا بھی جواب نہیں دیا: راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ان کی جماعت کی کسی ایک شکایت کا بھی جواب نہیں دیا۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کو زبردستی پولنگ سٹیشنوں سے نکالا گیا جس سے انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تمام حربے استعمال کیے گئے جن سے انتخابی نتائج پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور موجودہ صورتحال میں یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ انتخابات کا تیسرا مرحلہ شفاف انداز میں ہوگا۔
سنیئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنا چیف الیکشن کمشنر کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم اس حوالے سے بھی سنگین کوتاہیاں سامنے آئیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جو ووٹ اور جمہوری عمل کی عزت کرتی ہے، لیکن جو کچھ انتخابات میں ہوا اس کے اثرات مثبت نظر نہیں آ رہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اپنے جاں بحق کارکن مشتاق شاہ کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے، پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت کی اتحادی ضرور ہے، مگر یہ اتحاد صرف پاکستان کے وسیع تر مفاد کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments