آزاد کشمیر کے طلبہ کو MDCAT رجسٹریشن میں خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے آزاد کشمیر کے طلبہ کو MDCAT رجسٹریشن کے ہر مرحلے پر مکمل سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ایم ڈی سی کے صدر سے سیکرٹری صحت آزاد کشمیر اور جوائنٹ ایڈمشن کمیٹی کے چیئرمین نے ملاقات کی، جس میں انٹرنیٹ بندش سے متاثرہ طلبہ کو درپیش مشکلات اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق آزاد کشمیر کے طلبہ واٹس ایپ، ای میل اور بذریعہ ڈاک بھی MDCAT رجسٹریشن کرا سکیں گے جبکہ رجسٹریشن میں مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ براہِ راست پی ایم ڈی سی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
کونسل نے بتایا کہ MDCAT رجسٹریشن کی آخری تاریخ معمول کی فیس کے ساتھ دو مرتبہ بڑھائی جا چکی ہے، آزاد کشمیر کے طلبہ کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں خصوصی امتحانی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی نے رجسٹریشن اور امتحانی امور کے لیے فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا ہے جبکہ آزاد کشمیر میں پی ایم ڈی سی کا ذیلی دفتر قائم کرنے پر بھی اصولی اتفاق کیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی اہل طالب علم MDCAT میں شرکت سے محروم نہیں رہے گا اور آزاد کشمیر کے طلبہ کو امتحان کے ہر مرحلے پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
سیکرٹری صحت آزاد کشمیر نے طلبہ کی سہولت کے لیے پی ایم ڈی سی کے بروقت اقدامات کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments