نجی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کیا جائے: شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں نجی سرمایہ کاری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس میں ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ سرمایہ کاری کے لیے فنڈز کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے، پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور دیگر شعبوں میں ترقی کی وسیع صلاحیت موجود ہے، جن میں سرمایہ کاری کے لیے پبلک ایکویٹی مارکیٹ ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بینکاری شعبے کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم اب بھی محدود ہے، اس لیے متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...