میں جنات کا بادشاہ ہوں، ایک جن 12 برس سے میرے ساتھ ہے: محسن گیلانی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف ٹی وی اور ریڈیو اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جنات کے بادشاہ ہیں اور ایک جن گزشتہ 12 برس سے ان کے ساتھ موجود ہے۔
ملتان سے تعلق رکھنے والے محسن گیلانی حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے جنات سے متعلق اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا۔
پوڈکاسٹ کے دوران محسن گیلانی نے دعویٰ کیا کہ جنات کی بات کی جائے تو میں جنات کا بادشاہ ہوں اور اس وقت بھی ایک جن ان کے ساتھ موجود ہے، جس کا نام نجیب ہے، ان کے بقول مذکورہ جن ان کے والد کے انتقال کے بعد گزشتہ 12 برس سے ان کے ساتھ ہے۔
محسن گیلانی نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے آباؤ اجداد کے پاس بھی جنات تھے اور قرآن کا علم رکھنے والے افراد ان لوگوں کے بارے میں جانتے ہیں جن کے زیرِ اثر جنات ہوتے ہیں، یہ تعلق نسل در نسل بھی منتقل ہوسکتا ہے۔
جنات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ معاشرے میں جنات کے بارے میں بہت سی غلط روایات پائی جاتی ہیں، جنات بھی اللہ کی مخلوق ہیں اور ان کے بھی مختلف مذہبی فرقے ہوتے ہیں۔
محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں، جبکہ وہ بچوں کے ساتھ کھیل بھی سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنات انسانوں سے خوفزدہ ہوتے ہیں اور انسان ان سے برتر مخلوق ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسان اپنی مرضی کے مطابق جنات کو احکامات نہیں دے سکتے کیونکہ جنات انسانوں کی خدمت کے لیے پابند نہیں ہوتے، جنات کو مٹھائیاں پسند ہیں اور ماضی میں مٹھائی فروشوں کو معلوم ہوتا تھا کہ جنات ان کی دکانوں سے مٹھائیاں خریدنے آتے ہیں۔
محسن گیلانی نے اداکار احسن خان کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ احسن خان سے بھی اس بارے میں پوچھا جاسکتا ہے، احسن خان نے ایک شخص سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے انہیں رات 2 بجے ملتان میں حضرت بہاء الدین زکریا کے مزار پر مذکورہ شخص سے ملوایا۔
سورۂ رحمٰن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محسن گیلانی نے اسے انتہائی مؤثر اسلامی کلام قرار دیا اور کہا کہ بہت سے لوگ سورۂ رحمٰن کے ذریعے شفا حاصل کرنے کے تجربات بیان کرتے ہیں، حال ہی میں ان کے ایک فنکار ساتھی نے بھی سورۂ رحمٰن سے شفا ملنے کا ذکر کیا۔
محسن گیلانی نے صحت کے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کو سورۂ رحمٰن سننے اور پڑھنے کا مشورہ دیا، تاہم ساتھ ہی کہا کہ تلاوت کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی ضرور پڑھنا یا سننا چاہیے۔
انہوں نے سورۂ فاتحہ کی تلاوت کی بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سورۂ رحمٰن اور سورۂ فاتحہ مسلمانوں کے لیے اللہ کی جانب سے دو عظیم نعمتیں ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments