سرکاری سکولوں میں سبزیوں کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت

مظفرگڑھ: (ویب ڈیسک) مظفرگڑھ میں سرکاری سکولوں میں تعلیم کی فراہمی کے فریضے کیساتھ ساتھ اب اساتذہ کو سبزیاں بھی اگانا ہونگی، محکمہ تعلیم مظفرگڑھ نے سکولوں کے سربراہوں کو سخت ہدایات پر مبنی مراسلہ جاری کردیا۔

مظفرگڑھ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر سیکنڈری کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں سرکاری سکولوں کے ہیڈماسٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں موسمی سبزیوں کی کاشت یقینی بنائی جائے اور پلاٹ صاف ستھرے رکھے جائیں جبکہ سبزیوں کی کاشت، دیکھ بھال اور نگہداشت کے لیے سکول کا ذمہ دار شخص مقرر کیا جائے۔

مراسلے کے مطابق جن سکولوں میں تسلی بخش پیداوار نہیں ہوئی وہاں دوبارہ کاشت کی جائے، مراسلے میں ہیڈماسٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کاشت کی گئی سبزیوں کو بروقت پانی دیا جائے اور کیاریوں کی خوبصورتی یقینی بنائی جائے، جبکہ سبزیوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے حوالے سے تصویریں روزانہ رپورٹ بمعہ تصاویر متعلقہ واٹس ایپ گروپ میں شیئر کی جائیں گی۔

مراسلے میں ہیڈماسٹرز کو تنبیہ کی گئی ہے کہ تمام سکولوں کے ہیڈماسٹرز ہدایت نامہ پر مبنی مراسلے کو حرف آخر سمجھ کر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کے سانجھی سبزی پراجیکٹ کے تحت مختلف سرکاری اداروں کے خالی پلاٹس پر پہلے ہی سبزیوں کی کاشت کی جارہی ہے پراجیکٹ سے حاصل کی گئی سبزیاں مقامی لوگوں میں مفت تقسیم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...