ہماری پروازیں بند کی گئیں تو خطے میں کوئی جہاز نہیں اُڑنے دیں گے: ایران

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو پروازوں اور ایئرپورٹ سہولیات سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی فضائی آپریشن کے لیے محفوظ نہیں رہیں گے۔

محمد مخبر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ خطے میں پروازیں یا تو سب کے لیے کھلی ہوں گی یا کسی کے لیے نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کو پروازیں چلانے اور ایئرپورٹ سروسز حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تو خطے کے کسی بھی ملک کو ان سہولیات تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسیوں پر عمل کرنے والے ممالک کا رویہ ایرانی عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔ محمد مخبر کے مطابق ایران کا مؤقف واضح ہے اور خطے میں فضائی سفر کے حوالے سے کسی بھی امتیازی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی پابندیوں کے دباؤ کے بعد خطے کے متعدد ممالک نے ایرانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندیاں یا معطلی عائد کی ہے۔ امریکی اقدامات میں ایرانی ایوی ایشن سے منسلک اداروں اور 27 ایئرلائنز کو پابندیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

تازہ پیش رفت میں عراق کے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 25 ستمبر کو رات 2 بجے سے ایران آنے اور جانے والی تمام پروازیں غیر معینہ مدت تک معطل کردی ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق فیصلہ متعلقہ حکام کی سرکاری ہدایات پر کیا گیا، جبکہ پروازوں کی بحالی سے متعلق نئی ہدایات موصول ہونے پر ایئرلائنز کو آگاہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل بغداد ایئرپورٹ پر ایرانی ایئرلائنز کی پروازوں کی معطلی کے بعد ایران نے بغداد جانے والی پروازیں نجف منتقل کرنے کے لیے مشاورت شروع کی تھی، تاہم اب نجف ایئرپورٹ نے بھی ایران کے ساتھ فضائی رابطہ معطل کردیا ہے۔

ایران کے فضائی رابطوں پر پابندیوں کے نتیجے میں متعدد بین الاقوامی روٹس متاثر ہوئے ہیں، جبکہ ترکی، چین اور بعض دیگر ممالک کے لیے کچھ پروازیں اب بھی جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...