وزیر خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزے پر ورچوئل مذاکرات
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزے کے حوالے سے مذاکرات کا آغاز ہوگیا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف مشن سے ساتھ ورچوئل مذاکرات میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ کِک آف اجلاس میں شرکت کی، جس میں آئی ایم ایف مشن کی سربراہی آئیوا پیٹرووا نے کی، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ای ایف ایف کے چوتھے جائزے پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن سے آر ایس ایف کے تیسرے جائزے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف وفد کو ملکی معاشی و اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی، وزیر خزانہ نے معاشی استحکام اور اصلاحات پر حکومت کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے دوران آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مقررہ اہداف اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پاکستان کی معاشی کارکردگی، مالیاتی امور اور اصلاحاتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کے حصول اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، معیشت کے استحکام، محصولات میں بہتری اور مالیاتی نظم و ضبط سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن پاکستان کے معاشی و مالیاتی اقدامات پر حکام سے بات چیت جاری رکھے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments