پی ٹی آئی والے یوٹرن لینے کے ماہر ہیں، کسی ایک بات پر قائم نہیں رہتے: عطا تارڑ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی والے یوٹرن لینے کے ماہر ہیں، کسی ایک بات پر قائم نہیں رہتے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنی پالیسی کے بارے میں واضح فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے یا افغانستان کے ساتھ۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی دوغلی پالیسی ترک کرنے کو تیار نہیں، پی ٹی آئی والے یوٹرن لینے کے ماہر ہیں، یوٹرن لے کر اس پر فخر کرتے ہیں اور کسی ایک بات پر قائم نہیں رہتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہے یا افغانستان کے ساتھ، ان کے مطابق سہولیات پاکستان سے حاصل کی جاتی ہیں لیکن ہمدردیاں دہشتگردوں کے ساتھ ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس جو کچھ ہے، وہ پاکستان نے دیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان کا مؤقف افغانستان کے حق میں نظر آتا ہے کہ ملکی مفاد کے معاملے پر واضح اور دوٹوک پوزیشن اختیار کرنا ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ جس پالیسی کی بات کرتے ہیں یہ دہشتگردوں کو کور دینے کے مترادف ہے، بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان خیبر پختونخوا میں امن و امان اور انسداد دہشتگردی سمیت مختلف امور پر اختلافات برقرار ہیں۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو انسداد دہشتگردی کے لیے 700 ارب روپے مل چکے ہیں، اس کے باوجود دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کی کوئی خواہش نظر نہیں آتی، ان کے مطابق صوبائی حکومت دہشتگردوں کو تحفظ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

عطا تارڈ نے کہا کہ پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی بی ٹیم اور افغان طالبان (ٹی ٹی اے) کی سی ٹیم ہے، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی پھیلانے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

اُن  کا مزیدکہنا تھا کہ حکومت کسی کو بھی ملک میں امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی، خیبرپختونخوا کے عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دہشتگردی کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...