مذاکرات میں ڈیڈلاک کی بنیادی وجہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی ہے: اسد قیصر
اسلام آباد:(دنیا نیوز) اپوزیشن کے مذاکراتی رکن اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک کی بنیادی وجہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی کو قرار دے دیا۔
پشاور سے جاری اپنے بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا مطالبہ تھا کہ سب سے پہلے سیاسی قیادت کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تمام مطالبات واپس لینے کی پیشکش کی اور کہا کہ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ سیاسی قیادت کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے۔
سابق سپیکر کا کہنا تھا حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی کا معاملہ فی الحال معاہدے میں شامل نہیں ہوگا اور قابلِ غور بھی نہیں ہے، جس کے باعث مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوا۔
اسد قیصر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی جاتی تو پالیسی کیسے بنے گی؟ مسلم لیگ ن ہر معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف سے مشاورت کرتی ہے جب کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری سے مشاورت کرتی ہے۔
اپوزیشن کے مذکراتی رکن کا کہنا تھا کہ ہمارا لیڈر بانی پی ٹی آئی ملک کا مقبول ترین سیاسی رہنما ہے اور وہ اس وقت جیل میں ہیں، ایسے میں جو بھی پالیسی بنے گی کیا ہم عمران خان سے مشاورت نہیں کریں گے اور ان سے ہدایات نہیں لیں گے؟ یہی اپوزیشن کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
سابق سپیکر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی کے مطالبے کو دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں، اسے دہشت گردی کی شکل دینا بالکل مناسب نہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حالیہ مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت کا معاملہ اہم نکات میں شامل رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments