پاکستان اور بحرین کا تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بحرین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کا مشترکہ وزارتی کمیشن کا چوتھا اجلاس آئندہ سال منامہ میں منعقد ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 7 اور 8 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، اس دوران انہوں نے اسحاق ڈار سے دوطرفہ مذاکرات کیے، صدر، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے بھی ملاقاتیں کیں۔
اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ نے پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، اجلاس میں تجارت و سرمایہ کاری، زراعت و غذائی تحفظ، توانائی، بحری امور، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات، صحت، تعلیم، افرادی قوت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) October 9, 2026
اسحاق ڈار نے بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ روابط کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد، مشترکہ ورکنگ گروپس اور باقاعدہ رابطوں کے ذریعے پیش رفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے بحرین کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کے کردار کو بھی سراہا، اجلاس کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کیے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، بحرین کے وزیر خارجہ نے حالیہ علاقائی بحرانوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا، اسحاق ڈار نے فلسطین، مقبوضہ جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے لاحق دہشت گردی کے خطرات کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments