سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پُرعزم، حوثی ملیشیا حملے فوری بند کر دے: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودیہ کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور سعودی عرب پر حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 9, 2026
شہباز شریف نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور سعودی عرب پر متعدد بیلسٹک میزائل حملوں کو ناکام بنانے پر سعودی افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، حوثی ملیشیا فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments