گہری نیند سونے کا انوکھا مقابلہ، فاتح کو لاکھوں کا انعام
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں کام کی مصروفیات اور دیگر معمولات کے باعث نیند کی کمی ایک عام مسئلہ بن چکی ہے، جس کے پیش نظر دارالحکومت ٹوکیو میں گہری اور پُرسکون نیند سونے کا منفرد مقابلہ منعقد کیا گیا۔
میٹ ریس کے نام سے ہونے والے اس مقابلے میں درجنوں افراد نے حصہ لیا، جنہوں نے نیند کی نگرانی کرنے والے آلات نصب کرکے آرام دہ گدوں پر لیٹ کر زیادہ سے زیادہ 90 منٹ تک سونے کی کوشش کی۔
مقابلے کے لیے 20 لاکھ ین سے زائد، یعنی تقریباً 14 ہزار امریکی ڈالرز کا انعام رکھا گیا تھا، شرکاء کے سروں پر نیند کی نگرانی کرنے والے آلات نصب کیے گئے تھے، جبکہ بعض افراد اپنے پسندیدہ نرم کھلونے بھی ساتھ لے کر بستر پر لیٹے۔
مقابلے کے فاتح کا انتخاب اس بنیاد پر کیا گیا کہ کون سا شریک کتنی جلدی نیند میں گیا اور اس کی نیند کتنی گہری، پُرسکون اور معیاری رہی۔
مقابلے کا انعقاد کرنے والی کمپنی کوالا سلیپ جاپان (Koala Sleep Japan) کے تخلیقی ڈائریکٹر ریچیرو ناکاما کے مطابق اس سرگرمی کا مقصد لوگوں میں نیند کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور انہیں بہتر نیند کی طرف راغب کرنا تھا۔
اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (OECD) کے 2021ء کے اعداد و شمار کے مطابق جاپانی شہری اوسطاً روزانہ 7 گھنٹے 24 منٹ سوتے تھے، جو تنظیم کے رکن ممالک میں سب سے کم اوسط تھی۔
ماہرین کے مطابق سفر، کام کی مصروفیات اور رات گئے تک جاری رہنے والی سرگرمیاں جاپان میں نیند کی کمی کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments