خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال پر پی ٹی آئی جواب دہ ہے: طارق فضل چودھری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال پر پی ٹی آئی کو جواب دینا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح عوام کا تحفظ اور خیبر پختونخوا میں امن کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک سینئر سیاستدان ہیں اور دہشت گردی کے نقصانات سے بخوبی واقف ہیں، اس لیے ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری قومی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو معدنی وسائل پر قبضے سے جوڑنا افسوسناک ہے۔ دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی الزامات کی نذر کرنے کے بجائے اس کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں13 سال تک حکومت کرنے والی تحریک انصاف کو صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے حوالے سے اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے افسران اور جوان ملک میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں سیاسی الزام تراشی کے بجائے قومی اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن، تحفظ اور ترقی چاہتے ہیں، اس لیے سیاسی تنازعات کو ہوا دینے کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دی جانی چاہیے۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے بیان میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں، صوبائی حکومت کی جواب دہی اور عوام کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور معدنی وسائل سے متعلق سیاسی مؤقف پر اختلافات بھی نمایاں ہوئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments