فرانس میں پرتشدد مظاہروں کے بعد جزوی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان
پیرس: (دنیا نیوز) فرانس میں پرتشدد مظاہروں اور لوٹ مار کے واقعات کے بعد وزیراعظم سیبسٹین لیکورنو نے مقامی حکام کو پیر کی شام سے جزوی کرفیو نافذ کرنے کی ہدایت کردی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سیبسٹین لیکورنو نے کہا کہ وہ ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ہنگامی حالت نافذ کرنا ضروری ہوا تو ایسا بھی کیا جاسکتا ہے، تاہم فی الحال جزوی کرفیو زیادہ مناسب ہے۔
فرانسیسی وزیراعظم نے واضح کیا کہ کرفیو مقامی اور جزوی ہونا چاہیے، پورے پیرس میں کرفیو نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کن شہروں میں پابندیاں عائد کی جائیں گی اور ان کا دائرہ کار کیا ہوگا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ لوران نونیز نے کہا کہ منگل کی شام پیرس سینٹ جرمین اور بارسلونا کے درمیان شیڈول فٹبال میچ منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
دوسری جانب گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ہونے والے پرتشدد مظاہروں اور لوٹ مار کے بعد فرانس کے بڑے شہروں کے میئرز نے پیر کو سکیورٹی فورسز کی ناکافی تیاریوں پر حکومت سے جواب طلب کرلیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی فرانس میں جاری صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے ملک کو سرحدیں بند کرنے کا مشورہ دیا ہے، اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ فرانس پر تارکین وطن نے قبضہ کرلیا ہے اور اسے فوری طور پر اپنی سرحدیں بند کردینی چاہئیں۔
واضح رہے کہ فرانس میں یہ پرتشدد واقعات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب طلبہ کے کئی ہفتوں سے جاری مظاہرے بھی ملک میں سڑکوں پر تشدد کا باعث بن رہے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments