وزیر داخلہ کی لائبہ کے گھر آمد، والد سے اظہار ہمدری، لوٹی گئی رقم حوالے کی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ لائبہ کے گھر پہنچے اور ان کے والد رانا اعجاز سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعلساز کی جانب سے لوٹی گئی رقم لائبہ کے والد کے حوالے کی، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد بھی وزار کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے لائبہ کے والد کو 50 لاکھ سے زائد کی رقم دے دی، وزیر داخلہ نے لائبہ سے لوٹی گئی باقی رقم کی واپسی کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔
دریں اثنا گولڈمیڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز خودکشی کے معاملے میں آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری لائبہ اعجاز کے گھر پہنچ گئے، آئی جی اسلام آباد نے لائبہ اعجاز کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیر داخلہ کا شکریہ، عوام میرے ساتھ ہونے پر سکون ملتا ہے: والد لائبہ
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لائبہ کے والد رانا اعجاز نے کہا کہ وزیر داخلہ سمیت سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میرے ساتھ جو حادثہ ہوا اسے کبھی بھول نہیں سکتا لیکن پاکستانی عوام کے میرے ساتھ ہونے پر سکون ملتا ہے۔
رانا اعجاز نے کہا کہ میری بیٹی بیرون ملک جانا چاہتی تھی اور ملک کی خدمت کرنے کی خواہشمند تھی، اسلام آباد پولیس کی جانب سے ہمیشہ حوصلہ ملا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں آگاہ کیا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید کیسز سامنے آئے ہیں، ملزم نے مانسہرہ میں بھی بچیوں سے پیسے لے رکھے تھے۔
لائبہ کے والد کا کہنا تھا کہ میری جو رقم تھی وہ مجھے واپس دے دی گئی ہے۔
ملزم نعمان نے لائبہ کے علاوہ 21 لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا
ہلاک ملزم نعمان نے لائبہ کے علاوہ 21 لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا، دوران تفتیش ملزم نعمان سے 21 جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر ملے۔
ذرائع کے مطابق ملزم نعمان نے 21 مختلف لوگوں کو وزارت دفاع میں ملازمت کے جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر دئیے، ملزم نعمان نے ان سب لوگوں سے اپوائنٹمنٹ لیٹر دینے کے عوض پیسے لیے، ملزم نعمان نے اپنے 4 کزنوں کو بھی جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر دئیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments