خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی بارش، سردی کی شدت بڑھ گئی
لاہور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح سے کالے بادلوں کا راج ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق مغربی ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں موجود ہیں، جس کے باعث اسلام آباد اورگردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments