مصنوعی ذہانت سے سرکاری اخراجات کم کرنے کا منصوبہ، ہزاروں نوکریاں ختم ہوں گی
ایمسٹرڈیم: (ویب ڈیسک) نیدرلینڈز کی حکومت نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال اور اخراجات میں کمی کے لیے 2035 تک 25 ہزار سرکاری ملازمتیں ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس سے ساڑھے 3 ارب یورو کی بچت متوقع ہے۔
منصوبے کے تحت حکومتی افرادی قوت میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کی جائے گی۔ ڈچ اسٹیٹ سیکریٹری برائے مملکت سے متعلق امور اور مؤثر حکمرانی ایرک وان ڈیر برگ کے مطابق ملازمتوں میں کٹوتی سے 2027 میں 90 کروڑ یورو کی بچت ہوگی، جبکہ اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری اداروں کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
ایرک وان ڈیر برگ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مرکزی سرکاری نظام کے لیے ایسے اقدامات کا انتخاب کیا ہے جو مؤثر ثابت ہوں اور سرکاری افرادی قوت کو محدود کرنے میں مدد دیں۔
ڈچ حکومت کو توقع ہے کہ اے آئی کے استعمال سے پیداواری صلاحیت میں 20 فیصد تک اضافہ ہوسکے گا۔ اس کے ساتھ قوانین اور ضوابط کو آسان بنا کر سرکاری اداروں پر کام کا بوجھ بھی کم کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک سال کے دوران کم از کم 500 قوانین یا اصول ختم کرنے یا انہیں آسان بنانے کا منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔
حکومت اخراجات میں کمی کے لیے دیگر اقدامات بھی کرے گی، جن میں دو ملازمین کے لیے ایک میز کا استعمال، اضافی سرکاری عمارتوں کی فروخت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام کو یکساں معیار کے مطابق ڈھالنا شامل ہے۔
واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث دنیا بھر میں مختلف نجی کمپنیوں میں ملازمتوں اور افرادی قوت کی ضروریات تبدیل ہو رہی ہیں، جبکہ نیدرلینڈز کا منصوبہ سرکاری شعبے میں بھی اے آئی کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments