سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تیاریاں مکمل، بلاول بھٹو رواں ماہ افتتاح کریں گے

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تیاریاں مکمل کر لیں، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ اس کا افتتاح کریں گے۔

وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں سندھ یوتھ کارڈ اور افتتاحی تقریب کے انتظامات سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کا اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی علی راشد، سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر، سیکرٹری تعلیم زاہد عباسی، ڈائریکٹر یوتھ سید حبیب اللہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو سندھ یوتھ کارڈ کے تحت نوجوانوں کی رجسٹریشن اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے تعاون سے سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ سندھ کے 30 اضلاع سے 16 سے 29 سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو پہلے مرحلے میں سندھ یوتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

اس پروگرام کے تحت 13 سرکاری محکموں اور مختلف اداروں کی سہولیات ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کی جائیں گی۔

وزیر کھیل کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپس اور انٹرن شپ تک رسائی فراہم کی جائے گی، نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔

اجلاس میں نوجوانوں کے لیے گرین لائن، اورنج لائن اور پیپلز بس سروس سمیت پبلک ٹرانسپورٹ میں سفری رعایت پر بھی غور کیا گیا۔

پاکستان ریلوے کے تمام روٹس پر 25 فیصد رعایت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تعاون سے اندرون ملک فضائی سفر میں خصوصی رعایت فراہم کرنے کی تجاویز زیر غور آئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے، سول ایوی ایشن اور متعلقہ ٹرانسپورٹ اداروں کے ساتھ سندھ یوتھ کارڈ کے تحت خصوصی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے معاہدے کیے جائیں گے۔

خواتین کاروباری افراد کے لیے خصوصی گرانٹس اور مالی معاونت کی سہولیات بھی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے لیے مرکزی ڈیجیٹل رجسٹری اور تصدیق شدہ شناختی نظام قائم کیا جائے گا۔

سندھ کے تمام 30 اضلاع کے 16 سے 29 سال کی عمر کے نوجوان آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...