ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کا امریکا کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف
کولمبو: (دنیا نیوز) ٹی20 ورلڈ کپ کے 12 ویں گروپ میچ میں پاکستان نے امریکا کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دے دیا۔
سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جانیوالے میچ میں امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر قومی کپتان سلمان آغا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا تاہم صائم ایوب 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ صاحبزادہ فرخان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ سٹار بلے باز بابر اعظم نے 46 رنز بنائے، شاداب خان 30 ، محمد نواز 5، شاہین آفریدی 9، فہیم اشرف ایک رن اور عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ امریکا کو بھارت کے خلاف میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔